خیبرپختونخوا کا بینہ میں توسیع کے حوالے سے اہم فیصلہ

خیبرپختونخوا کابینہ میں توسیع کے حوالے سے اہم فیصلہ

وزیراعلیٰ محمد سہیل خان آفریدی کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخواکی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی کابینہ میں جلد توسیع کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے اراکین اسمبلی کو کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے اعتماد میں لیا اور واضح کیا کہ انتظامی امور کو بہتر بنانے کے لیے نئے وزراء کی شمولیت ناگزیر ہو چکی ہے۔

اس موقع پر ارکانِ صوبائی اسمبلی نے اپنا سخت موقف سامنے رکھتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کابینہ میں شامل کیے جانے والے اراکین کا انتخاب مکمل طور پر میرٹ اور کارکردگی کی بنیاد پر کیا جائے اور کسی بھی قسم کی پسند ناپسند سے گریز کیا جائے۔

ارکانِ اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو خبردار کیا کہ اگر کابینہ کی تشکیل میں میرٹ کو نظرانداز کیا گیا یا غیر متعلقہ افراد کو نوازا گیا تو وہ اسمبلی کے اندر اور باہر سخت احتجاج کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں بعض اراکین نے یہاں تک کہہ دیا کہ میرٹ کے برعکس فیصلوں کی صورت میں صوبائی حکومت کو آنے والے بجٹ کی منظوری کے دوران شدید مشکلات اور نمبر گیم میں کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے اراکین کے تحفظات سننے کے بعد یقین دہانی کرائی کہ تمام فیصلے پارٹی کے بانی عمران خان کی مشاورت اور میرٹ کو مدنظر رکھ کر کیے جائیں گے تاکہ حکومت کی کارکردگی اور سیاسی استحکام دونوں برقرار رہ سکیں۔

Scroll to Top