امریکا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو ایک اہم اور کلیدی شراکت دار قرار دے دیا

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے امریکی سینیٹ کی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان انسداد دہشت گردی کے میدان میں ایک قابل اعتماد شراکت دار ہے جو خطے میں داعش خراسان کے خلاف کارروائیوں میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے ساتھ مضبوط فوجی تعاون کے نتیجے میں دہشت گرد گروہوں کے خلاف نمایاں اور ٹھوس نتائج حاصل ہوئے ہیں جو پاکستان اور امریکا کی دیرینہ شراکت داری اور مشترکہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔

سربراہ سینٹکام کے مطابق وسطی ایشیائی ممالک بھی افغانستان میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس اور افغان طالبان سے جڑے خطرات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں جبکہ دہشت گردی اور علاقائی سیکیورٹی خدشات کے باعث افغانستان اب بھی واشنگٹن کی توجہ کا مرکز ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی آرمی چیف کا بیان تاریخ اور جغرافیے سے لاعلمی کامنہ بولتا ثبوت ہے ، ڈی جی آئی ایس پی آر

ایڈمرل بریڈ کوپر نے مزید کہا کہ افغان سرزمین پر دہشت گرد عناصر کی موجودگی کے باعث افغانستان امریکی نگرانی کی فہرست میں بدستور سرفہرست ہے۔

دفاعی اور بین الاقوامی امور کے ماہرین کے مطابق امریکی کمانڈر کا یہ بیان خطے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں، آپریشنل صلاحیت اور اسٹریٹجک اہمیت کی ایک اور اہم بین الاقوامی توثیق ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ مؤقف پاکستان کے اس دیرینہ موقف کی بھی تائید کرتا ہے کہ افغانستان میں موجود محفوظ پناہ گاہیں علاقائی امن کے لیے مسلسل خطرہ بنی ہوئی ہیں۔

Scroll to Top