فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کوئٹہ گیریژن کا دورہ، پاکستان کی ترقی کا سفر روکنا ممکن نہیں، آئی ایس پی آر
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہیں سیکیورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا سفر اپنی منزل تک ضرور پہنچے گا اور پروپیگنڈے یا پراکسیز کے ذریعے ملک کی پیشرفت کو روکا نہیں جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سرگرم پراکسیز کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا، جبکہ مسلح افواج عوام کے تعاون سے ہر قسم کی دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان میں امن و استحکام کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دنیا میں ایک بلند مقام حاصل کرنا ہے اور قومی ترقی کے لیے امن کا قیام انتہائی ضروری ہے۔





