ملک کےشمالی شہروں میں سیمنٹ کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ

ملک کےشمالی شہروں میں سیمنٹ کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ

پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ملک کے شمالی شہروں اور علاقوں میں گزشتہ ہفتے کے دوران سیمنٹ کی ریٹیل قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے۔

14 مئی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران شمالی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط قیمت 1526 روپے رہی، جو اس سے گزشتہ ہفتے کی قیمت 1528 روپے کے مقابلے میں 0.16 فیصد کم ہے۔

ملک کے جنوبی حصوں میں صورتحال اس کے برعکس رہی جہاں قیمتوں میں 0.03 فیصد کا معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اعداد و شمار کے مطابق جنوبی شہروں میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط ریٹیل قیمت 1540 روپے تک پہنچ گئی، جبکہ اس سے گزشتہ ہفتے یہ قیمت 1539 روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔

پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں قیمتوں کے تقابل سے معلوم ہوتا ہے کہ لاہور میں سیمنٹ کی فی بوری 1572 روپے کے ساتھ مہنگی ترین رہی، جبکہ فیصل آباد میں قیمت 1500 روپے اور بنوں میں سب سے کم 1430 روپے ریکارڈ کی گئی۔ اسلام آباد میں اوسط قیمت 1541 روپے، راولپنڈی میں 1522 روپے، اور سیالکوٹ میں 1540 روپے رہی۔

سندھ اور بلوچستان کے علاقوں میں قیمتوں کا جائزہ لیا جائے تو خضدار میں سیمنٹ کی بوری سب سے زیادہ 1650 روپے میں فروخت ہوئی، جبکہ کراچی میں یہ قیمت 1464 روپے رہی۔ دیگر شہروں میں سکھر 1600 روپے، حیدرآباد 1520 روپے اور کوئٹہ میں فی بوری کی قیمت 1490 روپے ریکارڈ کی گئی ہے۔

Scroll to Top