سہیل آفریدی سامنے آؤ، میں تمہاری حکومت کی بدعنوانی کے ثبوت دوں گا،سابق صوبائی وزیر کاشف اعظم

جماعت اسلامی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر کاشف اعظم نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو کرپشن کے ثبوتوں کے ساتھ کھلے مقابلے کا چیلنج دے دیا ہے۔

کاشف اعظم نے کہا کہ سہیل آفریدی کے لیے میرا یہ پیغام ہے کہ آپ ان چینلز اور افراد کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں جو حکومت کی بدعنوانی کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں۔

انہوں نے وزیراعلیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے تو خود ہی کچھ دن پہلے یہ چیلنج دیا تھا کہ جس کے پاس بھی بدعنوانی کے ثبوت ہوں وہ میرے پاس لائے، اب میں آپ سے بار بار کہہ رہا ہوں کہ آپ سامنے آئیں، خواہ کسی کمیٹی کے سامنے ہوں، خواہ میرے ساتھ آمنے سامنے ہوں یا صحافیوں کے سامنے بیٹھ کر بات کریں۔

کاشف اعظم نے مزید کہا کہ اگر آپ کو اسٹیڈیم میں جلسوں کا شوق ہے تو وہاں آ جائیں، وہاں بھی آمنے سامنے مقابلہ ہو جائے گا۔ آپ میرے پاس آئیں، میں آپ کو آپ کی حکومت، آپ کے وزیروں اور آپ کے محکموں کی بدعنوانی کے تمام ثبوت عوام کے سامنے پیش کروں گا۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بڑا مسئلہ یہ ہے کہ آپ نے ثبوت لینے کے بجائے ان چینلز اور صحافیوں کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی ہیں جو حق سچ کی بات کرتے ہیں۔

Scroll to Top