پاکستان بھر کے نوجوانوں کے لیے مفت کورسز کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان کے نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل دور کی ضروریات سے لیس کرنے اور انہیں عالمی سطح پر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ایک بڑے مفت ٹریننگ پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

یہ اقدام وزیر اعظم پاکستان کے وژن کے تحت نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) اور پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے باہمی تعاون سے اٹھایا گیا ہے، جس کا مقصد ملک کے ٹیلنٹ کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور دیگر ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں مہارت دلانا ہے۔

اس تربیتی پروگرام کے تحت نوجوانوں کو دورِ حاضر کے اہم ترین کورسز بشمول پاور بی آئی کے ساتھ اے آئی فائنینشل اینالسٹ، اے آئی فار ایوری ون، اور اے آئی پاورڈ ای کامرس جیسے شعبوں میں تربیت دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : ایل این جی کی قیمتوں بڑااضافہ ،نوٹیفکیشن جاری

اس کے علاوہ فری لانسنگ کے ذریعے آن لائن کمائی، اے آئی آگمنٹڈ گرافک ڈیزائننگ، ویڈیو ایڈیٹنگ، اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ مع ایس ای او جیسے کورسز بھی اس پروگرام کا حصہ ہیں۔

اس پروگرام کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ یہ مکمل طور پر مفت ہے اور اس میں تربیت کے کوئی چارجز وصول نہیں کیے جائیں گے۔

محض نظریاتی تعلیم کے بجائے اس میں عملی مہارتوں یعنی ہینڈز آن لرننگ پر توجہ دی جائے گی تاکہ نوجوان براہِ راست انڈسٹری کی طلب کے مطابق تیار ہو سکیں۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا حکومت نے صوبائی وزراء اور معاونینِ خصوصی کو محکمے تفویض کر دیے

ملک بھر میں پھیلی ہوئی جدید کمپیوٹر لیبز اور ماہر ٹرینرز اس ٹریننگ کو کامیاب بنانے کے لیے دستیاب ہوں گے، جس سے نوجوانوں کے لیے فری لانسنگ اور بہتر کیریئر کے نئے راستے کھلیں گے۔

پروگرام میں شمولیت کے لیے اہلیت کا کم از کم معیار انٹرمیڈیٹ رکھا گیا ہے، تاہم پاور بی آئی کورس میں داخلے کے لیے 14 سالہ تعلیم یعنی گریجویشن کی شرط لازمی قرار دی گئی ہے۔

ملک بھر سے تعلق رکھنے والے خواہش مند امیدوار اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے نیوٹک (NAVTTC) کے پورٹل پر آن لائن رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔

درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ 5 جون 2026 مقرر کی گئی ہے، جس کے بعد رجسٹریشن کا عمل بند کر دیا جائے گا۔

حکومت کا یہ اقدام پاکستان میں ڈیجیٹل انقلاب لانے اور نوجوانوں کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

Scroll to Top