اعجاز آفریدی
پشاور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی ہدایت پر صوبائی کابینہ کے اراکین میں محکموں کی تقسیم مکمل کر لی گئی ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن کابینہ ونگ کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے۔
اس نئی تقسیم کے مطابق نذیر احمد عباسی کو توانائی و بجلی جبکہ شکیل احمد کو مواصلات و تعمیرات کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

اسی طرح محمد عارف کو معدنیات، طارق محمود آریانی کو ریونیو و اسٹیٹ اور شفیع اللہ جان کو اطلاعات و تعلقات عامہ کا قلمدان دیا گیا ہے۔
مشیروں کی سطح پر پیر مصور خان غازی کو موسمیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات کا محکمہ تفویض کیا گیا ہے، جبکہ لیاقت خان زکوٰۃ، عشر، سماجی بہبود، اسپیشل ایجوکیشن اور ویمن ایمپاورمنٹ کے معاملات دیکھیں گے۔

صنعت و تجارت کی ذمہ داری ہمایوں خان کو دی گئی ہے اور میاں محمد عمر زراعت کے مشیر کے طور پر فرائض انجام دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : مذاکرات کے فیصلے کو کمزوری نہ سمجھا جائے، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کا بڑا اعلان
معاونین خصوصی میں طارق سعید کو داخلہ و قبائلی امور کا اہم قلمدان سونپا گیا ہے جبکہ محمد عثمان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کی نگرانی کریں گے۔
طفیل انجم کو پاپولیشن ویلفیئر، افتخار اللہ جان کو جیل خانہ جات اور سمیع اللہ خان کو ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ کا قلمدان ملا ہے۔
علاوہ ازیں ملک عادل اقبال کو ثقافت، سیاحت، آثارِ قدیمہ اور عجائب گھر جبکہ محمد خورشید کو لائیو اسٹاک، فشریز اور کوآپریٹوز کے محکمے دیے گئے ہیں۔
خوراک کے محکمے کی ذمہ داری محمد اسرار کے سپرد کی گئی ہے۔ ان تعیناتیوں کے بعد صوبائی حکومت کے مختلف شعبوں میں انتظامی امور کی انجام دہی کے لیے ٹیم مکمل ہو گئی ہے تاکہ عوامی فلاح اور ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھایا جا سکے۔





