چمن پھاٹک دھماکے پر حکومت بلوچستان کا اظہارِ افسوس، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ، اعلیٰ قیادت صورتحال کی خود نگرانی کر رہی ہے۔
کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب ہونے والے دہشتگردی کے واقعے پر حکومت بلوچستان نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے۔
حکومتی ترجمان کے مطابق قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا گیا ہے اور واضح کیا گیا ہے کہ دہشتگرد عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان شاہد رند نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی خود صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں تاکہ امدادی کارروائیوں کو مؤثر بنایا جا سکے۔
دھماکے کے بعد کوئٹہ کے تمام سرکاری اسپتالوں میں طبی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر طبی عملے کو فوری طور پر ڈیوٹی پر طلب کر لیا گیا ہے تاکہ زخمیوں کو بروقت اور بہترین علاج فراہم کیا جا سکے۔
حکومتی ترجمان کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور اس میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ امدادی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔
حکومت بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے عناصر کو ہر صورت انجام تک پہنچایا جائے گا۔





