سیکیورٹی فورسز نے دتہ خیل کے علاقے میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 11 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں موجود خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ کارروائی کے دوران مارے گئے دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج علاقے میں دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے اور سیکیورٹی فورسز کے خلاف سرگرمیوں میں بھی مطلوب تھے۔
یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، اہم خارجی کمانڈر سمیت 30 دہشت گرد ہلاک
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ علاقے میں موجود دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
یاد رہے کہ آج بھی بلوچستان میں دہشتگردوں نے معصوم اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک افسوسناک اور دلخراش دھماکہ پیش آیا۔
واقعے میں درجنوں بے گناہ شہری شہید ہوگئے جبکہ خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے، دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور ہر طرف افراتفری کی صورتحال پیدا ہوگئی۔





