پاکستان اور چین کی کمپنیوں کے درمیان معاہدوں، مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط

چین کے شہر ہنگژو میں پاکستان اور چینی کمپنیوں کے درمیان تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے 7 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

اعلامیے کے مطابق معاہدوں کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم بنانا اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں زراعت، آئی ٹی، خصوصی اقتصادی زونز، کان کنی اور معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کو قرضوں اور امداد کے بجائے مہارت، ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، ان کا کہنا تھا کہ محض امداد اور بخششوں سے کوئی قوم خود مختار اور ترقی یافتہ نہیں بن سکتی جبکہ پائیدار ترقی کے لیے سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون ناگزیر ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کراچی کے خصوصی اقتصادی زون میں سرمایہ کاروں کو پرکشش سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکا ایران مذاکرات کا اگلا دور 5 جون کو متوقع، مجوزہ معاہدے کو ’’اسلام آباد اعلامیہ‘‘ کا نام دیے جانے کا امکان: العربیہ

انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ جدید زرعی طریقوں کے ذریعے پاکستان چین کو 10 ارب ڈالر تک کی زرعی مصنوعات برآمد کرنے کی صلاحیت حاصل کر سکتا ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے اور اس شعبے میں وسیع سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں چین عالمی معیار کی معاشی اور فوجی طاقت بن چکا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان بھی جلد ترقی کے سفر میں چین کے شانہ بشانہ کھڑا ہوگا اور دونوں ممالک کی شراکت داری مزید مضبوط ہوگی۔

Scroll to Top