شاکر خان
وزیر ستان : شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں پاک فوج کے زیر انتظام ملک مشران اور قبائلی عمائدین کا ایک اہم جرگہ منعقد ہوا۔
جرگے میں جی او سی شمالی وزیرستان، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او سمیت بڑی تعداد میں قبائلی مشران نے شرکت کی۔
جرگے کے دوران علاقے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں، سیکیورٹی اداروں اور مقامی قبائل کے درمیان تعاون اور عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
مہمان خصوصی جی او سی شمالی وزیرستان نے قبائلی مشران اور عمائدین کا خیرمقدم کرتے ہوئے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں : پیٹرولیم لیوی کی مد میں بڑی وصولیاں، سرکاری اعداد و شمار جاری
انہوں نے کہا کہ امن کا قیام سیکیورٹی فورسز اور مقامی آبادی کے مشترکہ تعاون سے ہی ممکن ہے۔
قبائلی مشران نے دہشت گردی کے خاتمے، عوامی تحفظ اور دیرپا امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ قبائل امن کے قیام میں ہر ممکن کردار ادا کرتے رہیں گے۔
متعلقہ حکام کی جانب سے شرکاء کو یقین دلایا گیا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے قانونی اور پُرامن طریقہ کار کے تحت ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
جرگے کو خطے میں اعتماد سازی اور امن کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔





