وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان 30 منٹ سے زائد دوستانہ اور تفصیلی گفتگو ہوئی۔
دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی اور خطے کی مجموعی صورتحال سمیت باہمی تعلقات اور امن کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے علاوہ سعودی عرب، قطر، ترکیہ اور دیگر علاقائی ممالک کی امن کوششیں بھی قابلِ تعریف ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر خطے میں ہونے والے حالیہ بحران کے دوران قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور ایرانی قیادت سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں امن کے لیے انتھک کوششیں کی ہیں۔
شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ امریکا اور ایران کے درمیان جلد امن معاہدہ طے پا جائے گا، جو ایرانی قوم کے وقار اور عزتِ نفس کے مطابق ہوگا۔ ان کے مطابق خطے میں امن قائم ہونے سے نہ صرف ایران کی معاشی صلاحیت کو فروغ ملے گا بلکہ پورا خطہ اس سے مستفید ہوگا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان ایک برادر اور ہمسایہ ملک کی حیثیت سے ہمیشہ ایران کے ساتھ کھڑا رہے گا، اور خطے میں امن کی بحالی دونوں ممالک کے لیے روشن اور خوشحال مستقبل کی نوید ہے۔
دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر مکمل اتفاق کیا اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔





