حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے والے پاکستانی عازمینِ حج کی وطن واپسی کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی پہلی حج پرواز 165 حجاج کرام کو لے کر اسلام آباد پہنچ گئی۔
پی آئی اے کی پرواز PK-742 مدینہ منورہ سے روانہ ہو کر شام 7 بج کر 15 منٹ پر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ ہوئی، اس پرواز کے ذریعے 165 پاکستانی حجاج وطن واپس پہنچے۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر چیف آپریٹنگ آفیسر آفتاب گیلانی نے حجاج کرام کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ ایئرپورٹ منیجر اور دیگر حکام نے عازمینِ حج کو پھولوں کے ہار پہنائے اور خیرمقدم کیا۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستانی عازمین حج کی واپسی کب سے شروع ہوگی؟ حج آپریشن پاکستان کا شیڈول جاری
حکام کے مطابق حج آپریشن کے تحت آئندہ دنوں میں مزید پروازوں کے ذریعے ہزاروں پاکستانی عازمین کو وطن واپس لایا جائے گا، حجاج کرام نے سعودی عرب میں حج کی ادائیگی کے روحانی تجربے پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔





