امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے 250ویں یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں منعقد کیے جانے والے مجوزہ کنسرٹ کو اچانک منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے کنسرٹ کی منسوخی کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ گلوکار بہت زیادہ معاوضہ طلب کرتے ہیں اور ان کی موسیقی لوگوں کو بیزار کرتی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ یہ فنکار عوامی شکایات اور مسائل کے حل کے لیے کوئی کردار ادا نہیں کرتے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق کنسرٹ کے بجائے “میک امریکا گریٹ اگین ریلی کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں عوامی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاک چین دوستی کا نیا باب، 15 تاریخی معاہدوں پر دستخط، ترقی کے نئے دروازے کھل گئے
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران کئی معروف گلوکاروں نے بھی مجوزہ کنسرٹ میں پرفارم کرنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد اس تقریب کے انعقاد پر سوالات اٹھ رہے تھے۔
یاد رہے کہ صدر ٹرمپ کے “فریڈم 250” پروگرام کے تحت امریکا کے 250ویں یومِ آزادی کے موقع پر 16 روزہ جشن منانے کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے دوران واشنگٹن کے نیشنل مال میں بڑے کنسرٹس اور دیگر تقریبات کا انعقاد ہونا تھا۔





