واٹس ایپ کا صارفین کے لیے بڑا تحفہ، لاگ آؤٹ فیچر کی آزمائش شروع

دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے صارفین کی ایک دیرینہ مشکل حل کرنے کے لیے اہم قدم اٹھا لیا ہے۔

کمپنی ایک ایسے نئے فیچر پر کام کر رہی ہے جس کے ذریعے صارفین پہلی بار چیٹس ڈیلیٹ کیے یا ایپ اَن انسٹال کیے بغیر اپنے اکاؤنٹ سے لاگ آؤٹ کر سکیں گے۔

واٹس ایپ سے متعلق معلومات فراہم کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق یہ فیچر فی الحال واٹس ایپ بیٹا برائے اینڈرائیڈ کے ورژن 2.26.21.9 میں محدود پیمانے پر آزمائش کے لیے متعارف کرایا گیا ہے اور چند بیٹا صارفین اسے استعمال بھی کر رہے ہیں۔

اب تک واٹس ایپ صارفین کے پاس اکاؤنٹ سے سائن آؤٹ ہونے کا کوئی براہِ راست طریقہ موجود نہیں تھا۔ اگر کوئی صارف عارضی طور پر واٹس ایپ استعمال بند کرنا چاہتا تو اسے ایپ اَن انسٹال کرنا پڑتی تھی، جس کے بعد دوبارہ لاگ اِن اور سیٹ اپ کا مرحلہ بھی درپیش ہوتا تھا۔

نئے فیچر کے تحت صارفین آسانی سے اپنے اکاؤنٹ سے لاگ آؤٹ کر سکیں گے جبکہ ان کی چیٹس، سیٹنگز اور دیگر معلومات فون میں محفوظ رہیں گی، دوبارہ لاگ اِن کرنے پر تمام ڈیٹا پہلے کی طرح دستیاب ہوگا اور نئے سرے سے سیٹ اپ کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔

رپورٹس کے مطابق لاگ آؤٹ کا نیا آپشن واٹس ایپ کی سیٹنگز میں “اکاؤنٹ” سیکشن کے اندر شامل کیا گیا ہے اور کامیاب آزمائش کے بعد اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

Scroll to Top