اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں انتظامیہ کی جانب سے نئی اوقاتِ کار پابندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق مختلف کاروباری مراکز کے لیے نئے اوقات مقرر کر دیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد میں مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند ہوں گے، جبکہ یہ نئی پابندیاں یکم جون 2026 سے نافذ العمل ہو گئی ہیں۔
حکام کے مطابق فارمیسیاں، اسپتال اور میڈیکل اسٹورز ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے اور معمول کے مطابق خدمات فراہم کرتے رہیں گے۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ پیٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز بھی معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
اسی طرح ریسٹورنٹس، فوڈ آؤٹ لیٹس، تندور، کریانہ، سبزی، پھل اور بیکری کی دکانیں رات 10 بجے بند کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں : خانپور ڈیم میں افسوسناک واقعہ، دوست کو بچاتے ہوئے 2 نوجوان ڈوب کر جاں بحق
انتظامیہ کے مطابق شادی ہالز اور مارکیز کے لیے بھی رات 10 بجے تک بندش کا وقت مقرر کیا گیا ہے تاکہ شہر میں یکساں اوقاتِ کار پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد شہری نظامِ زندگی کو منظم کرنا اور توانائی کے استعمال میں بہتری لانا ہے، جبکہ نوٹیفکیشن پر عمل درآمد فوری طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔





