خیبرپختونخوا میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خطرہ، پی ڈی ایم اے کا ہائی الرٹ

شاہد جان
پشاور: پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے شدید گرمی کے باعث گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (گلوف) کے خدشے کے پیش نظر صوبے کے متعدد اضلاع میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق اپر اور لوئر چترال، اپر اور لوئر دیر، سوات، اپر اور لوئر کوہستان اور مانسہرہ کے ڈپٹی کمشنرز کو باقاعدہ مراسلہ جاری کرتے ہوئے ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : قائمہ کمیٹی خارجہ امور کا اہم اجلاس، قانونی ہجرت اور سفارتی اصلاحات پر جامع غور

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں جاری شدید گرمی کی لہر آئندہ چند روز تک برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ 4 جون کی شام اور رات سے بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔

شدید گرمی کے نتیجے میں شمالی اضلاع میں موجود گلیشیئرز اور برف تیزی سے پگھل رہی ہے، جس کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں اور برف پگھلنے کے مشترکہ اثرات کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، فلیش فلڈز، لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی و پتھروں کے تودے گرنے جیسے خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

سوات، چترال، کوہستان، دیر اور مانسہرہ کی برفانی وادیوں کو خاص طور پر حساس قرار دیا گیا ہے جہاں رابطہ سڑکیں اور مواصلاتی نظام متاثر ہونے کا خدشہ موجود ہے۔

ادارے کے مطابق ندی نالوں اور دریاؤں میں اچانک طغیانی کی صورت میں نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو حساس مقامات کی مسلسل نگرانی اور بروقت حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو خطرے سے دوچار آبادیوں کو پیشگی خبردار کرنے، کمیونٹی الرٹ سسٹم فعال رکھنے اور مقامی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹیوں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

اس کے علاوہ ممکنہ انخلاء کے لیے مشقوں کے انعقاد اور محفوظ مقامات پر ضروری امدادی سامان کی دستیابی یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کے فیصلے سے فرق نہیں پڑتا، ڈیل کیلئے تیار ہوا تو بات ہوگی، ٹرمپ

عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ گرمی کی شدت اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے دوران دریا کناروں، برساتی نالوں اور تیز بہاؤ والے مقامات کے قریب جانے سے گریز کریں۔

پی ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں کو بھی غیر ضروری سفر سے اجتناب اور حساس علاقوں میں خصوصی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔

ادھر ریسکیو 1122، محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو)، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل یقینی بنایا جا سکے۔ متعلقہ اداروں کو ضروری مشینری اور عملہ پہلے سے تعینات رکھنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ادارے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا ہنگامی صورتحال کی اطلاع فوری طور پر ہیلپ لائن 1700 پر دی جا سکتی ہے۔

Scroll to Top