اسلام آباد: وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے بھارتی آرمی چیف کی گیدڑ بھبکی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اگر ’آپریشن سندور 2‘ کی تیاری کر رہا ہے تو شوق پورا کرلے، مسلح افواج پاکستان ہر قسم کی صورت حال کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کی گیدڑ بھبکی کا جواب مجھے پنجابی میں دینے کی خواہش ہورہی ہے، کیوں کہ پچھلی مرتبہ بھی بھارت کچھ حاصل نہیں کر سکا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے پچھلی بار غلطی کر کے اپنی مانگ کا سندور اجاڑا تھا، گزشتہ کارروائی کے بعد بھارت آج تک اپنی ناکامی کا بوجھ اٹھا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف ایک پراکسی جنگ افغانستان کے ذریعے لڑی جا رہی ہے تاہم اس کے نتائج اور حالات سب کے سامنے ہیں۔
وزیرِ دفاع نے کہا کہ اگر بھارت اپنا شوق پورا کرنا چاہتا ہے تو کر لے، پاکستانی افواج ہر وقت تیار ہیں۔ اللہ تعالیٰ کی مدد سے پاکستانی مسلح افواج گزشتہ مرتبہ کی نسبت کہیں زیادہ موثر انداز میں دشمن کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ب فارم سے متعلق اہم خبر، نادرا کا نیا سسٹم متعارف
خواجہ آصف نے کہا کہ ان کے خیال میں بھارت کو پچھلی مرتبہ جو شکست کا سامنا کرنا پڑا، شاید اس سے بھی اسے تسلی نہیں ہوئی، اس لیے وہ دوبارہ ایسی باتیں کر رہا ہے۔انشااللہ تسلی ہوگی۔
وزیرِ دفاع نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کے خطرات اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور قومی سلامتی کے دفاع میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔





