پشاور اور اس کے گردونواح میں آنے والی طوفانی آندھی اور تیز ہواؤں کے باعث مختلف علاقوں میں درخت، دیواریں، چھتیں، سولر پینلز اور پینا فلیکس گرنے کے متعدد واقعات پیش آئے ہیںجن کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 15 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔
ترجمان ریسکیو 1122 بلال احمد فیضی کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہےجنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ معمولی زخمیوں کو علاج کے بعد ڈسچارج بھی کر دیا گیا ہے۔
آندھی کے باعث ملک طارق حجرہ، کوہاٹ روڈ، چمکنی، متنی، اضاخیل، واحد گھڑی، گڑ منڈی، بخشو پل، گورنر ہاؤس، دلہ ذاک روڈ اور ماموں خٹکی گاؤں سمیت مختلف علاقوں سے ہنگامی کالز موصول ہونے پر ریسکیو کی میڈیکل اور ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیمیں فوری طور پر فیلڈ میں روانہ کی گئیں۔
ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے متاثرہ مقامات پر پہنچ کر جہاں ایک طرف زخمیوں کو ریسکیو کیا، وہی دوسری جانب سڑکوں پر گرنے والے درختوں، سولر پینلز اور پینا فلیکس کو ہٹا کر بند راستوں کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا ہے تاکہ شہریوں کی آمدورفت میں رکاوٹ نہ آئے۔
یہ بھی پڑھیں : بنوں میں طوفانی ہواؤں نے تباہی مچادی،ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ
ترجمان کا کہنا ہے کہ خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام ایمرجنسی وسائل اور اہلکاروں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے اور ریسکیو ٹیمیں کسی بھی ممکنہ خطرے یا ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مسلسل فیلڈ میں موجود ہیں۔





