وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مارکیٹوں، دکانوں اور ریسٹورنٹس کے اوقات کار میں توسیع کی منظوری دے دی گئی ہے۔
یہ فیصلہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت منعقدہ کفایت شعاری اقدامات کی نگرانی و عملدرآمد کمیٹی کے اہم اجلاس میں کیا گیا۔
جاری کردہ سرکاری اعلامیے کے مطابق، اب تمام دکانیں، مارکیٹیں، شاپنگ مالز اور جنرل ریٹیل اسٹورز رات 9 بجے تک کھلے رہ سکیں گے جبکہ ریسٹورنٹس کے لیے اوقات کار بڑھا کر رات 11 بجے تک کر دیے گئے ہیں۔ ریسٹورنٹس کی ٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری سروسز کو ان اوقات کی پابندی سے مکمل استثنیٰ حاصل ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق شادی ہالز اور دیگر تقریباتی مقامات کے بند ہونے کا وقت پہلے کی طرح رات 10 بجے ہی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب، فارمیسی، اسپتال، پیٹرول پمپس، آئی ٹی اور ٹیلی کام سے متعلق تمام ضروری اور ہنگامی خدمات کو اوقات کار کی کسی بھی قسم کی پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
کمیٹی نے صوبائی حکومتوں کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ وفاقی اداروں کے ساتھ مل کر اپنے اپنے علاقوں میں ان نئے اوقات کار پر مؤثر طریقے سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔





