انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کھلاڑیوں کی تازہ ترین ون ڈے رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف جاری تین میچوں کی سیریز میں شاندار کارکردگی کے بدولت پاکستانی اسپنر ابرار احمد اور کپتان شاہین شاہ آفریدی کی درجہ بندی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
آئی سی سی کی نئی بولنگ رینکنگ کے تحت پاکستانی مسٹری اسپنر ابرار احمد نے سات درجے لمبی چھلانگ لگائی ہے اور وہ اب 633 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دنیا کے ٹاپ 5 بولرز میں شامل ہو کر چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
دوسری جانب بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر اور کپتان شاہین شاہ آفریدی بھی چار درجے ترقی پا کر 17 ویں سے 13 ویں نمبر پر آگئے ہیں جہاں ان کے ریٹنگ پوائنٹس کی تعداد 593 ہے۔
پاکستان کا کوئی اور بولر اس بار رینکنگ میں فائدہ حاصل نہیں کر سکا؛ فاسٹ بولر حارث رؤف اپنی 19 ویں پوزیشن پر برقرار ہیں جبکہ نسیم شاہ پانچ درجے گر کر 45 ویں، محمد وسیم جونیئر چار درجے نقصان کے ساتھ 65 ویں، آل راؤنڈر محمد نواز پانچ درجے تنزلی کے بعد 75 ویں اور فہیم اشرف 98 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔
ون ڈے بولنگ چارٹ میں افغانستان کے راشد خان بدستور دنیا کے نمبر ون بولر ہیں جبکہ انگلینڈ کے جوفرا آرچر دوسرے اور جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : راولپنڈی ون ڈے، نوجوان اسپنر عرفات منہاس نے تاریخ رقم کردی
بلے بازوں کی تازہ ترین ون ڈے رینکنگ میں اس بار کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی اپنی پوزیشن بہتر بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکا اور سابق کپتان بابر اعظم 687 پوائنٹس کے ساتھ بدستور چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔
مڈل آرڈر بلے باز سلمان علی آغا کو رینکنگ میں بڑا جھٹکا لگا ہے اور وہ نویں پوزیشن سے پانچ درجے گر کر 14 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔ اسی طرح وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان تین درجے تنزلی کے ساتھ 30 ویں، فخر زمان دو درجے نقصان کے ساتھ 33 ویں، نوجوان بیٹر صائم ایوب 41 ویں جبکہ اوپنر عبداللہ شفیق چھ درجے پیچھے ہٹ کر 99 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل بدستور پہلے، بھارت کے ویرات کوہلی دوسرے اور افغانستان کے ابراہیم زدران تیسرے نمبر پر قائم ہیں۔





