خیبر پختونخوا کا مالی سال 2026-27 کے لیے 310 ارب کا ترقیاتی بجٹ، تفصیلات سامنے آگئیں

خیبر پختونخوا کا مالی سال 2026-27 کے لیے 310 ارب کا ترقیاتی بجٹ، تفصیلات سامنے آگئیں

کاشف عزیز
خیبر پختونخوا حکومت نے اگلے مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل کر دی ہیں اور اس سلسلے میں تمام تر ضروری مشاورت مکمل کر لی گئی ہے۔

محکمہ خزانہ کے ذرائع کے مطابق کسی بھی بیرونی قرضے اور امداد پر انحصار کیے بغیر اپنے وسائل سے ترقیاتی پروگرام کا کل تخمینہ 310 ارب روپے ہے۔

اس بجٹ میں عوامی فلاح اور صوبے کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے مختلف شعبوں کو اربوں روپے کے فنڈز جاری کرنے کی تجاویز تیار کی گئی ہیں۔

نئے مالی سال کے بجٹ میں سب سے زیادہ توجہ ملٹی سیکٹر ڈیویلپمنٹ پر دی گئی ہے جس کے لیے 45 ارب روپے کا سب سے بڑا ترقیاتی فنڈ مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی صوبے بھر میں مواصلات کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے روڈ سیکٹر کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کا ابتدائی تخمینہ 42 ارب 17 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔

عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے صاف پانی کی اسکیموں کے لیے 10 ارب روپے، جبکہ صوبے میں تعلیمی معیار کو بلند کرنے کے لیے ابتدائی و ثانوی تعلیم کے شعبے کے لیے 7 ارب 66 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کے ناراض اراکین خیبرپختونخوا اسمبلی کادوسرا اجلاس، بجٹ عمران خان سے ملاقات سے مشروط کرنے کی تائید

صحت عامہ کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے صوبائی حکومت نے صحت کے شعبے کے لیے 16 ارب 23 کروڑ روپے کا خطیر ترقیاتی بجٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسی طرح صوبے کی معیشت اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے زراعت کے شعبے کے لیے 5 ارب 56 کروڑ روپے، لائیو سٹاک کے لیے 2 ارب 59 کروڑ روپے اور ناگہانی آفات سے نمٹنے اور ریلیف کی سرگرمیوں کے لیے 3 ارب 23 کروڑ روپے مختص کرنے کی اہم تجاویز شامل کی گئی ہیں۔

Scroll to Top