اسلام آباد: سینیٹر فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ آنے والے چند دنوں یا ہفتوں میں پاکستان عالمی امن کی تاریخ میں ایک اہم کردار ادا کرنے جا رہا ہے، اور اس سلسلے میں بڑے عالمی رہنماؤں کی پاکستان آمد متوقع ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنگ میں بھارت کو بدترین شکست دی اور اب وہ عالمی امن کے قیام کے لیے بھی غیر معمولی کردار ادا کر رہے ہیں۔
فیصل واوڈا کے مطابق فیلڈ مارشل دنیا میں امن کے فروغ کے لیے بطور فرد واحد فعال کردار ادا کر رہے ہیں اور ممکنہ امن معاہدے کی ڈرافٹنگ بھی خود اپنے ہاتھوں سے کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر کے مختلف تجزیے اور دعوے غلط ثابت ہوں گے اور پاکستان آنے والے دنوں میں عالمی سطح پر ایک اہم کردار ادا کرتا نظر آئے گا۔
سینیٹر نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اسلام آباد میں ایک ایسی تاریخ رقم کریں گے جس کے اثرات عالمی سطح پر محسوس کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : ایم جی ایچ ایس پی ایچ ای وی کیلئے زیرو مارک اپ فنانسنگ پیکیج متعارف
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور فیلڈ مارشل عالمی نظام میں نمایاں حیثیت اختیار کر رہے ہیں اور دنیا کی نظریں پاکستان پر مرکوز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں ہونے والی پیش رفت خطے اور عالمی امن کے لیے اہم ثابت ہوگی۔
آخر میں فیصل واوڈا نے پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ زندہ باد۔





