بجٹ پیش نہ ہونے کی وجہ کیا ہے؟ اسد قیصر نے پردہ اٹھا دیا

بجٹ پیش نہ ہونے کی وجہ کیا ہے؟ اسد قیصر نے پردہ اٹھا دیا

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ توقع تھی حکومت جمعے کو بجٹ پیش کرے گی، تاہم تاحال اس حوالے سے کوئی واضح انتظام سامنے نہیں آ سکا۔

پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ حکومت اس وقت شدید دباؤ کا شکار ہے، ایک طرف آئی ایم ایف اور دوسری طرف اتحادی جماعتوں کے مطالبات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ کاشتکار، صنعتکار اور مزدور طبقہ سب متاثر ہو رہے ہیں۔ ان کے مطابق حکومت نے “عوام کا معاشی قتل عام” کیا ہے۔

اسد قیصر نے پنجاب میں مبینہ گندم اسکینڈل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو ان کی فصل کا مناسب معاوضہ نہیں دیا گیا، جو انتہائی تشویشناک ہے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ ان کی جماعت کے تھنک ٹینک نے ٹیکس اصلاحات اور حکومتی اخراجات میں کمی کے لیے تجاویز پیش کی تھیں، تاہم حکومت نے ان پر توجہ نہیں دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرتی تو پی ٹی آئی کی تجاویز کا کم از کم آدھا حصہ ہی قبول کر لیتی، جبکہ موجودہ صورتحال میں نہ اخراجات میں کمی ہو رہی ہے اور نہ ہی ٹیکس چوری روکنے کے اقدامات نظر آ رہے ہیں۔

Scroll to Top