استقبالیہ ریلی میں ہوائی فائرنگ،پولیس کا بڑا ایکشن ، امیر مقام کے بھتیجے کیخلاف مقدمہ درج

استقبالیہ ریلی میں ہوائی فائرنگ،پولیس کا بڑا ایکشن ، امیر مقام کے بھتیجے کیخلاف مقدمہ درج

پورن گرڈ اسٹیشن کے لیے نئے ٹرانسفارمر کی آمد پر نکالی گئی استقبالیہ ریلی کے دوران مبینہ ہوائی فائرنگ کرنے پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کے بھتیجے طاہر حسین اور ان کے ایک ساتھی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق شانگلہ میں ٹرانسفارمر کی آمد کی خوشی میں ایک استقبالیہ ریلی نکالی گئی تھی، جس کی قیادت طاہر حسین کر رہے تھے۔ ریلی جب الوچ بازار سے گزر رہی تھی تو مبینہ طور پر طاہر حسین اور ان کے ایک ساتھی نے سرعام ہوائی فائرنگ کی۔

ایف آئی آر کے مطابق ہوائی فائرنگ کے باعث بازار میں موجود شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تھانہ الوچ میں مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف ہوائی فائرنگ اور متعلقہ قانونی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

حکام کے مطابق قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کو بھی عوامی امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Scroll to Top