اسلام آباد: حکومت پاکستان نے ڈیجیٹل پرائز بانڈز متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے ذریعے لین دین موبائل ایپ کے ذریعے کیا جائے گا
انعامی رقم خریداری کے وقت استعمال شدہ لنک شدہ بینک اکاؤنٹ یا قومی بچت ڈائریکٹوریٹ (سی ڈی این ایس) کے بچت اکاؤنٹ میں منتقل ہو جائے گی۔
حکومت کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل پرائز بانڈز چوری، نقصان اور ضیاع کے خطرات کو کم کرے گا اور معیشت کو دستاویزی شکل دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔ ان انعامات پر ٹیکس تو لاگو ہوگا مگر اس پر زکوٰۃ عائد نہیں ہوگی۔
یہ اقدام معیشت کی شفافیت بڑھانے، احتساب کو بہتر بنانے اور پیپرلیس سسٹم کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہو گا۔
وزارت خزانہ کی سمری کے مطابق ابتدائی طور پر 500 روپے، 1000 روپے، 5000 روپے اور 10000 روپے کے ڈیجیٹل پرائز بانڈز جاری کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں کو ہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے ایک تاریخی سنگ میل عبور کرلیا
یہ بانڈز نیشنل سیونگز موبائل ایپ یا سی ڈی این ایس کے منظور شدہ چینلز کے ذریعے خریدے جا سکیں گے، اور ادائیگی لنک شدہ بینک اکاؤنٹ یا سی ڈی این ایس بچت اکاؤنٹ کے ذریعے کی جائے گی۔
ڈیجیٹل پرائز بانڈز کی قرعہ اندازی سہ ماہی بنیادوں پر کی جائے گی، اور اس کی تفصیلات وزارت خزانہ کی جانب سے نوٹیفائی کی جائیں گی۔ انعامی رقم خریداری کے وقت استعمال شدہ بینک اکاؤنٹ یا سی ڈی این ایس بچت اکاؤنٹ میں جمع کر دی جائے گی۔
خریدار کسی نامزد شخص کو بھی منتخب کر سکتے ہیں، جسے بعد میں تبدیل یا منسوخ کیا جا سکتا ہے۔ سرمایہ کار کی وفات کی صورت میں، ان کے قانونی ورثا کو بانڈ کی اصل رقم اور انعامی رقم ادا کی جائے گی۔