امریکی اے آئی کمپنی اینتھروپک کے پانچ ہزار ملازمین ایک ہی دن میں کروڑ پتی بن گئے

ٹیکنالوجی اور کاروباری دنیا میں ایک غیر معمولی تاریخ رقم کرتے ہوئے معروف امریکی مصنوعی ذہانت (اے آئی) کمپنی اینتھروپک (Anthropic) نے امریکی اسٹاک ایکسچینج نیسڈیک میں ریکارڈ ساز انٹری دی ہے جس کے نتیجے میں کمپنی کے 5 ہزار سے زائد ملازمین محض ایک ہی دن میں ڈالر ملینیئر (کروڑ پتی) بن گئے جبکہ ادارے کی مجموعی مارکیٹ ویلیو 1.8 ٹریلین ڈالر کی تاریخی سطح پر جا پہنچی ہے۔

مالیاتی رپورٹس کے مطابق ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) کے بعد ’کلاڈ اے آئی‘ (Claude AI) بنانے والی کمپنی اینتھروپک کے تقریباً 5 ہزار 100 ملازمین جو ادارے کے مجموعی عملے کا لگ بھگ 96 فیصد بنتے ہیں اب کم از کم 10 لاکھ ڈالر (ایک ملین ڈالر) سے زائد مالیت کے شیئرز کے مالک بن چکے ہیں۔

جاری کردہ مالیاتی تفصیلات میں مزید حیران کن اعداد و شمار سامنے آئے ہیں جن کے تحت کمپنی کے تقریباً 2 ہزار 800 ملازمین کے حصص کی مالیت ایک کروڑ ڈالر (10 ملین ڈالر) سے بڑھ گئی ہےجبکہ تقریباً 600 خوش نصیب ملازمین ایسے بھی ہیں جن کے پاس 10 کروڑ ڈالر (100 ملین ڈالر) سے زائد مالیت کے شیئرز موجود ہیں۔

تاہم مالیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دولت فی الحال کاغذی حیثیت (پیپر ویلتھ) رکھتی ہے اور اسے حقیقی نقد رقم میں تبدیل کرنے کے لیے ملازمین کو اپنے حصص فروخت کرنا ہوں گے۔

اس میگا آئی پی او کے ذریعے اینتھروپک نے سرمایہ کاروں سے تقریباً 81 ارب ڈالر اکٹھے کیے ہیں۔

کمپنی کی جانب سے ابتدائی طور پر فی شیئر قیمت 83 ڈالر مقرر کی گئی تھی جس سے اس کی ابتدائی مالیت تقریباً 1.5 ٹریلین ڈالر بنی، تاہم نیسڈیک میں کاروبار کے آغاز پر ہی سرمایہ کاروں کی زبردست دلچسپی کے باعث شیئرز کی قدر میں 39 فیصد تک غیر معمولی اچھال دیکھا گیا اور قیمت 115.10 ڈالر کی بلند ترین سطح کو چھو گئی۔

کاروباری دن کے اختتام پر حصص 17 فیصد مجموعی اضافے کے ساتھ بند ہوئے جس کے بعد کمپنی کی مارکیٹ ویلیو 1.8 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئی۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ کارپوریٹ دنیا کی عام روایت کے برعکس، جہاں آئی پی او کے بعد کئی ماہ تک ملازمین پر حصص بیچنے کی پابندی (لاک اپ پیریڈ) عائد ہوتی ہے، اینتھروپک نے اپنے غیر بانی ملازمین کو اسٹاک مارکیٹ میں لسٹنگ کے فوراً بعد اپنے شیئرز کا ایک محدود حصہ فروخت کر کے کیش حاصل کرنے کی خصوصی اجازت بھی فراہم کی ہے۔

واضح رہے کہ 2021 میں قائم ہونے والی اس کمپنی کے ملازمین کی تعداد 2024 کے آخر تک ایک ہزار سے بھی کم تھی لیکن جنریٹو اے آئی کی عالمی طلب میں تیز رفتار اضافے نے اسے قلیل مدت میں دنیا کی قیمتی ترین کمپنیوں کی صف میں لا کھڑا کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کے ساتھ تنازع امریکی خزانے پر کتنا بھاری پڑا؟ پینٹاگون عہدیدار کا سنسنی خیز انکشاف !

دوسری جانب اینتھروپک کے حصص میں اس تاریخی تیزی کے باوجود مجموعی طور پر امریکی اسٹاک مارکیٹوں میں مندی کا رجحان غالب رہا جہاں ڈاؤ جونز انڈسٹریل ایوریج ایک ہزار پوائنٹس کی بڑی کمی کے ساتھ 49,097.06 پوائنٹس، ایس اینڈ پی 500 انڈیکس 2.02 فیصد گراوٹ سے 7,175.83 جبکہ نیسڈیک کمپوزٹ 2.25 فیصد کمی کے بعد 23,879.20 کی سطح پر بند ہوا۔

Scroll to Top