پی ٹی آئی کےناراض اراکین خیبرپختونخوا اسمبلی کا مشاورتی اجلاس، اہم سوالات اٹھا دیے

پی ٹی آئی کےناراض اراکین خیبرپختونخوا اسمبلی کا مشاورتی اجلاس، اہم سوالات اٹھا دیے

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ناراض اراکینِ خیبرپختونخوا اسمبلی کی مشاورتی کمیٹی کا تیسرا اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ناراض اراکین نے واضح کیا کہ بعض عناصر دانستہ طور پر ان کی اس جدوجہد کو کسی مخصوص شخصیت یا گروپ سے منسوب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں حالانکہ ان کا واحد مقصد صرف اور صرف عمران خان کی رہائی اور ان کے وژن کی پیروی ہے اس کے علاوہ ان کا نہ کوئی اور ایجنڈا ہے اور نہ ہی کوئی دوسرا مقصد۔

اعلامیے کے پہلے نقطے میں ناراض اراکینِ اسمبلی نے صوبائی حکومت اور قیادت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے اعلامیے میں عمران خان کی رہائی کے لیے ایک جامع اور واضح حکمتِ عملی وضع کرنے کی گزارش کی گئی تھی لیکن تاحال اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے کوئی قابلِ ذکر پیش رفت نظر نہیں آئی۔

مشاورتی کمیٹی نے اس سست روی پر شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر زور دیا کہ جلد از جلد واضح حکمتِ عملی مرتب کرکے عملی اقدامات کیے جائیں۔

ناراض اراکین کی مشاورتی کمیٹی نے صوبائی قیادت اور صوبائی حکومت کی جانب سے حزبِ اختلاف (اپوزیشن) کی جماعتوں اور ان کے قائدین سے مسلسل ہونے والی ملاقاتوں پر گہرے تحفظات کا اظہار کیا۔

اعلامیے میں براہِ راست سوالات اٹھاتے ہوئے پوچھا گیا کہ کیا یہ ملاقاتیں عمران خان کی ہدایات کے مطابق ہیں؟ کیا ان ملاقاتوں کا ایجنڈا عمران خان کی رہائی ہے؟ اگر ایسا ہے تو پھر ان ملاقاتوں کی نوعیت اور مقاصد سے پارٹی کارکنان اور پارلیمانی کمیٹی کو کیوں آگاہ نہیں کیا جاتا؟

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کے ناراض اراکین اسمبلی میں شامل اہم رہنما سامنے آگیا،وزیراعلی کےلئے خصوصی پیغام

ناراض اراکین کا کہنا تھا کہ اکثر یہ دیکھا گیا ہے کہ مختلف شخصیات کی اپوزیشن قائدین سے ملاقاتیں جاری رہتی ہیں، جن کے بارے میں نہ کارکنوں کو بتایا جاتا ہے اور نہ ہی پارلیمانی کمیٹی کو اعتماد میں لیا جاتا ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے باقاعدہ طور پر ناراض اراکینِ اسمبلی کی اس مشاورتی کمیٹی سے رابطہ کیا ہے اور ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ ناراض اراکین نے بیرسٹر گوہر کے اس اقدام کا خیرمقدم کیا ہے۔

کمیٹی کے تمام ارکان نے متفقہ طور پر اپنے چند نمائندگان کے نام تجویز کیے ہیں تاکہ چیئرمین کے ساتھ جلد از جلد باقاعدہ نشست منعقد کی جا سکے اور عمران خان کی رہائی کے لیے جاری کوششوں کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔

اعلامیے کے مطابق مشاورتی کمیٹی نے متفقہ طور پر طے کیا ہے کہ عنقریب پورے پاکستان میں پاکستان تحریکِ انصاف سے تعلق رکھنے والے تمام پارلیمنٹیرینز، تنظیمی عہدیداران، ٹکٹ ہولڈرز اور دیگر بااثر شخصیات سے رابطے کیے جائیں گے۔ ان تمام افراد کو اس جدوجہد میں شامل ہونے کی دعوت دی جائے گی تاکہ عمران خان کی رہائی کے لیے ایک مؤثر، متحد اور منظم ملک گیر تحریک کو مزید وسعت دی جا سکے۔

Scroll to Top