اسلام آباد: سعودی حکومتی ہدایات کے مطابق حج 2027ء کے انتظامات کی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ وزارت مذہبی امور نے حج 2027 کے لیے لازمی رجسٹریشن رواں ماہ شروع کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق حج 2027 کے لیے رجسٹریشن کے عمل میں پاکستانی پاسپورٹ کا کارآمد ہونا لازمی شرط قرار دی گئی ہے۔ پاسپورٹ کی میعاد کم از کم 16 نومبر 2027 تک ہونا ضروری ہوگا۔
ترجمان نے کہا کہ تمام خواہشمند عازمینِ حج کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ بروقت اپنے پاکستانی پاسپورٹ کی تیاری یقینی بنائیں تاکہ رجسٹریشن کے عمل میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ رجسٹرڈ ہونے والے افراد کو سرکاری یا پرائیویٹ حج اسکیم میں شرکت کا اختیار حاصل ہوگا، جس کے تحت وہ اپنی پسند کے مطابق حج پیکج کا انتخاب کر سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران نے امریکا کا ہیلی کاپٹر مار گرایا، ٹرمپ کی تصدیق
وزارت مذہبی امور کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی حج رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے، اور انہیں بھی مقررہ طریقہ کار کے تحت رجسٹریشن مکمل کرنا ہوگی۔
ترجمان نے واضح کیا کہ حج پیکیج کے اخراجات، شرائط و ضوابط اور دیگر تفصیلات کا اعلان آئندہ حج پالیسی کے تحت بعد میں کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ حج 2027 کی پالیسی پر ابتدائی کام جاری ہے اور تمام انتظامات کو جدید اور سہل بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔





