2026 ورلڈ کپ کا فاتح کون؟ تین بار درست پیشگوئی کرنے والے ریاضی دان کا نیا دعویٰ سامنے آگیا

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے حوالے سے ایک بار پھر دلچسپ پیشگوئی سامنے آئی ہے، مسلسل تین ورلڈ کپ کے فاتحین کا درست اندازہ لگانے والے جرمن ریاضی دان نے اس بار بھی ممکنہ چیمپئن کا نام بتا دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جرمن ریاضی دان جواخم کلیمنٹ نے ریاضیاتی اور مالیاتی ماڈلز کی بنیاد پر 2026 فیفا ورلڈ کپ کے فاتح کے طور پر نیدرلینڈز کو فیورٹ قرار دیا ہے۔

کلیمنٹ اس سے قبل 2014 میں جرمنی، 2018 میں فرانس اور 2022 میں ارجنٹینا کی کامیابی کی درست پیشگوئی کر چکے ہیں جس کے باعث ان کی رائے کو فٹبال حلقوں میں خاصی توجہ حاصل ہے۔

شمالی امریکا میں جاری 2026 فیفا ورلڈ کپ میں 48 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جبکہ ایک ماہ سے زائد عرصے پر مشتمل اس ایونٹ میں 100 سے زیادہ میچز کھیلے جائیں گے۔

نیدرلینڈز کی ٹیم ماضی میں تین مرتبہ ورلڈ کپ فائنل تک رسائی حاصل کر چکی ہے تاہم وہ اب تک عالمی ٹائٹل اپنے نام نہیں کر سکی۔

تاہم ایک حالیہ انٹرویو میں جواخم کلیمنٹ نے اپنی پیشگوئی کے بارے میں محتاط مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ماڈل حتمی یقین کے ساتھ نتائج نہیں دیتا بلکہ یہ کسی حد تک لاٹری یا سکے کے اچھالنے جیسا عمل ہے جہاں ماضی کی کارکردگی مستقبل کی کامیابی کی ضمانت نہیں ہوتی۔

یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ میں میناب کی طالبات کو منفرد انداز میں خراجِ عقیدت

ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ان کی گزشتہ تین پیشگوئیاں درست ثابت ہوئیں، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ 2026 میں بھی ان کی پیشگوئی لازمی درست ہو۔

Scroll to Top