خیبر پختونخوا میں مزید متعدد اعلیٰ افسران کے تبادلے اور تقرریاں

محمد اعجاز آفریدی
حکومتِ خیبر پختونخوا نے صوبائی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر اکھڑ پچھاڑ کرتے ہوئے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس اور صوبائی مینجمنٹ سروس کے متعدد اعلیٰ افسران کے تبادلوں اور تقرریوں کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

الگ الگ جاری اعلامیہ کے مطابق ان انتظامی تبدیلیوں کے تحت گریڈ بیس اور انیس کے سینئر افسران کے تبادلے کیے گئے ہیں جس میں ہیومن ریسورس مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں تعیناتی کے منتظر سینئر افسر سید کاظم حسین شاہ کو منیجنگ ڈائریکٹر خیبر پختونخوا اربن ایریا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی خالی اسامی پر تعینات کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح تعیناتی کے منتظر ایک اور سینئر افسر فضل حسین کو اسپیشل سیکریٹری، ہائر ایجوکیشن، آرکائیوز اینڈ لائبریریز ڈیپارٹمنٹ کی خالی اسامی پر مقرر کیا گیا ہے۔

دیگر سینئر افسران میں ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل سیکریٹری خلیق داد خان کا تبادلہ کر کے انہیں ایڈیشنل سیکریٹری، ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ کی خالی اسامی پر تعینات کر دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ہیومن ریسورس مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں تعیناتی کے منتظر افسر اعزاز اللہ کو ایڈیشنل کمشنر بنوں کی خالی اسامی پر تعینات کیا گیا ہےجبکہ ریسکیو الیون ٹو ٹو کے افسر ڈاکٹر محمد ایاز کو ان کے بنیادی محکمے یعنی ریلیف، بحالی اور سیٹلمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں واپس بھیج دیا گیا ہے۔

گریڈ اٹھارہ کے افسران کے تبادلوں کے سلسلے میں مالاکنڈ کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاکر اللہ کا تبادلہ کر کے انہیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ مالاکنڈ کی خالی اسامی پر مقرر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں افسران کے بڑے پیمانے پر تبادلے اور تقرریاں، نوٹیفیکیشن جاری

کلچر اور ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کی ڈپٹی سیکریٹری مینا ظاہر کا تبادلہ کر کے انہیں ڈپٹی سیکریٹری، اریگیشن ڈیپارٹمنٹ کی خالی اسامی پر تعینات کیا گیا ہے جبکہ ڈپٹی سیکریٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فرحان خان کا تبادلہ کر کے انہیں ڈپٹی سیکریٹری، ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی خالی اسامی پر تعینات کیا گیا ہے۔ ان کی جگہ تعیناتی کے منتظر افسر اشتیاق احمد کو ڈپٹی سیکریٹری، ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن مقرر کیا گیا ہے۔

صوبے میں ڈیپوٹیشن پر بھی تقرریاں کی گئی ہیں جس کے تحت فنانس ڈیپارٹمنٹ کے سیکشن آفیسر محمد شہباز خان کی خدمات کلائمیٹ چینج، فارسٹری، انوائرمنٹ اینڈ وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کے سپرد کر دی گئی ہیں جہاں انہیں ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی خیبر پختونخوا میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔

اسی طرح ہیومن ریسورس مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں تعیناتی کی منتظر پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کی افسر نہل عبداللہ کی خدمات گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایبٹ آباد کے سپرد کر کے انہیں ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر سینئر پلاننگ آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔

Scroll to Top