پاکستان میں محرم الحرام 1448 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد ملک بھر میں نئے اسلامی سال کا آغاز 17 جون بروز بدھ سے ہوگا۔
محرم الحرام کے چاند کی رویت کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس آج بادشاہی مسجد لاہور میں منعقد ہوا جس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین مولانا محمد عبدالخبیر آزاد نے کی۔
اس اہم اجلاس میں مرکزی اور زونل کمیٹی کے ارکان سمیت وزارتِ مذہبی امور، وزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور سپارکو کے ماہرین بھی شریک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں یکم محرم الحرام کو عام تعطیل کا اعلان
مرکزی اجلاس کے ساتھ ساتھ ملک کے تمام صوبوں اور بڑے شہروں میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے طے شدہ مقامات پر منعقد کیے گئے۔
اجلاس کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے باضابطہ اعلان کیا کہ ملک کے کسی بھی علاقے سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی لہٰذا متفقہ فیصلے کے مطابق یکم محرم الحرام 17 جون بروز بدھ کو ہوگی ۔





