ایک نئی طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ بہت زیادہ دیر تک بیٹھنے سے موٹاپے، کینسر اور امراض قلب سمیت سنگین بیماریوں کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، تاہم بہت کم وقت بیٹھنا بھی صحت کیلئے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
جرنل آف اسپورٹ اینڈ ہیلتھ سائنس میں شائع ہونے والی تحقیق میں 41 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا، جس میں یہ جاننے کی کوشش کی گئی کہ روزانہ کتنے گھنٹے بیٹھنا صحت کیلئے بہتر یا نقصان دہ ہو سکتا ہے۔
تحقیق کے مطابق دن بھر میں اوسطاً 4 گھنٹے بیٹھنے والے افراد میں مختلف امراض کا خطرہ ان لوگوں کے مقابلے میں کم دیکھا گیا جو روزانہ 2 گھنٹے سے کم یا 8 گھنٹے سے زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں۔
محققین کا کہنا ہے کہ بیٹھنے اور صحت کے درمیان تعلق اتنا سادہ نہیں، کیونکہ اس کے اثرات ہر فرد کی جسمانی سرگرمی اور طرز زندگی کے مطابق مختلف ہو سکتے ہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ جسمانی طور پر متحرک افراد کیلئے مناسب وقت تک بیٹھنا بعض اوقات فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے، کیونکہ اس سے جسم کو آرام اور ہڈیوں و پٹھوں کی بحالی کا وقت ملتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : فیفا ورلڈکپ: سوئٹزر لینڈ نے بوسنیا کو 1-4 سے شکست دیکر اگلے راؤنڈ میں پہنچنے کی راہ ہموار کرلی
مطالعے کے مطابق جو افراد روزانہ 4 گھنٹے سے کم بیٹھتے تھے، اگر وہ جسمانی سرگرمی کے 30 منٹ وقت کو سونے یا بیٹھنے کے بجائے حرکت میں گزاریں تو کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 4 سے 6 فیصد تک کم ہو سکتا ہے۔
اسی طرح زیادہ وقت بیٹھنے والے افراد اگر بیٹھنے کے وقت میں 30 منٹ کمی کرکے جسمانی سرگرمی بڑھائیں تو صحت کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق بہت زیادہ دیر تک بیٹھنے سے گریز، روزمرہ معمولات میں جسمانی سرگرمی شامل کرنا اور متوازن طرز زندگی اپنانا صحت کیلئے انتہائی اہم ہے۔





