لاس اینجلس: فیفا فٹبال ورلڈ کپ میں سوئٹزرلینڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بوسنیا ہرزوگوینا کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر قیمتی 3 پوائنٹس حاصل کرلیے۔
لاس اینجلس میں کھیلے گئے میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ دونوں جانب سے گول کرنے کی کوششیں کی گئیں تاہم کوئی بھی ٹیم برتری حاصل نہ کرسکی اور پہلے ہاف کا اختتام بغیر کسی گول کے برابری پر ہوا۔
دوسرے ہاف میں سوئٹزرلینڈ نے جارحانہ انداز اپنایا اور بوسنیا کے دفاع کو مشکلات میں ڈال دیا۔ سوئٹزرلینڈ کے کھلاڑیوں نے انجری ٹائم سمیت صرف 23 منٹ کے دوران 4 گول داغ دیے۔
سوئٹزرلینڈ کی جانب سے متبادل کھلاڑی یوہان منزمبی نے دو گول اسکور کیے جبکہ روبین ورگاس اور زاکا نے ایک، ایک گول کیا۔
یہ بھی پڑھیں : امریکا امن کیلئے پرعزم ہے، تمام محاذوں پر مکمل جنگ بندی چاہتے ہیں، ٹرمپ
میچ کے دوران بوسنیا ہرزوگوینا کے کھلاڑی موہاری مووچ کو ریفری نے ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا، جبکہ بوسنیا کی جانب سے واحد گول 93ویں منٹ میں محمک نے کیا۔
میچ کے اختتام پر سوئٹزرلینڈ نے 1-4 سے کامیابی حاصل کی اور 3 قیمتی پوائنٹس حاصل کر کے مجموعی پوائنٹس 4 کرلیے، جس سے اس کی اگلے مرحلے تک رسائی کی امیدیں مزید مضبوط ہوگئی ہیں۔





