مشرق وسطیٰ میں قیام امن اولین ترجیح، پاکستان کے کردار کو دنیا نے سراہا، جے ڈی وینس

اسلام آباد: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کو امریکا کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا ہے۔

اپنے خطاب میں جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکا خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے کردار ادا کرنا چاہتا ہے، جبکہ ایران سے بھی مثبت اقدامات کی توقع ہے تاکہ مستقبل کے لیے بہتر فیصلے کیے جا سکیں۔

امریکی نائب صدر نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایک بہترین سپہ سالار ہیں، جنہوں نے امن کی کوششوں میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مثبت کردار کو دنیا بھر میں سراہا گیا ہے اور امن کے لیے کی جانے والی کوششیں خطے کے مستقبل کے لیے اہم ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ صورتحال عالمی امن کے لیے ایک اہم موقع ہے، جہاں تمام رہنما دنیا میں امن، اتحاد اور استحکام کے فروغ کے لیے جمع ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کردار نوبل پیس پرائز سے بھی بڑھ کر ہے، رانا ثنا

وزیراعظم نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مدبرانہ قیادت میں امن مذاکرات ممکن ہوئے، جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی مذاکراتی عمل کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے دنیا میں امن اور استحکام کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب قطر کے وزیراعظم نے بھی وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن کا یہ عمل صرف آغاز ہے۔

قطری وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خطے کے بہتر مستقبل کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رہیں گی، جبکہ حالیہ پیش رفت نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ پوری دنیا کے امن اور سلامتی کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔

Scroll to Top