ارجنٹینا کے سٹار فٹبالر لیونل میسی نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ایک اور تاریخ رقم کرتے ہوئے ورلڈ کپ کی تاریخ میں مسلسل 7 میچز میں گول کرنے والے پہلے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کر لیا۔
میسی نے اردن کے خلاف میچ کے 80ویں منٹ میں شاندار فری کک کے ذریعے گول اسکور کیا جس سے نہ صرف ارجنٹینا کو 3-1 کی برتری ملی بلکہ انہوں نے ایک نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔
میسی نے فرانس کے جسٹ فونٹین اور برازیل کے جائرزینہو کا مسلسل 6 ورلڈ کپ میچز میں گول کرنے کا پرانا ریکارڈ توڑ دیا، فونٹین نے 1958 جبکہ جائرزینہو نے 1970 کے ورلڈ کپ میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
میسی کا یہ شاندار گول کرنے کا سلسلہ قطر ورلڈ کپ 2022 سے شروع ہوا، انہوں نے آسٹریلیا، نیدرلینڈز، کروشیا اور فرانس کے خلاف اہم گولز اسکور کر کے ارجنٹینا کو عالمی چیمپئن بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: فٹبال ورلڈ کپ ، ناک آؤٹ مرحلہ مکمل ہونے کے قریب، 4 ٹیموں کا فیصلہ باقی
فیفا ورلڈ کپ 2026 میں بھی میسی شاندار فارم میں نظر آ رہے ہیں، وہ الجزائر کے خلاف ہیٹ ٹرک اور آسٹریا کے خلاف دو گول کر چکے ہیں، اردن کے خلاف یہ تازہ گول ان کی شاندار فارم کا تسلسل ہے۔
اس گول کے بعد ورلڈ کپ میں لیونل میسی کے مجموعی گولز کی تعداد 19 ہو گئی ہے جس کے ساتھ وہ اپنی ریکارڈ ساز کارکردگی کو مزید مستحکم کر رہے ہیں۔





