شمالی وزیرستان میں غیر قانونی موبائل سیمز کے تدارک کے لیے ضابطہ کار جاری

شمالی وزیرستان میں امن و امان کی بہتری کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان محمد یوسف کریم کی جانب سے غیر قانونی موبائل سیمز کے خلاف سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔

نیشنل ایکشن پلان، اپیکس کمیٹی اور دیگر حکومتی فیصلوں کی روشنی میں، غیر قانونی سیمز کے خاتمے کے لیے جامع ایس او پیز جاری کر دیے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کی ہدایات کے مطابق، تمام فرنچائز سینٹرز، ریٹیلرز، اور بی وی ایس ڈیوائس ہولڈرز کو صارفین کے اصل قومی شناختی کارڈز کی تصدیق کے بعد ہی نئی موبائل سیمز جاری کرنے کی اجازت ہوگی۔ ہر جاری شدہ سم کا مکمل ریکارڈ مرتب کر کے متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کو فراہم کرنا لازمی ہوگا، جو تفصیلات کی تصدیق کے بعد دستاویزات پر دستخط کرے گا۔

اس کے علاوہ، سیلولر نیٹ ورک کمپنیوں کو بائیومیٹرک ویریفکیشن سسٹم (بی وی ایس) ڈیوائسز اور ریٹیلر اسٹیٹس کے لیے این او سی حاصل کرنا لازمی ہوگا۔ اس عمل کے تحت، ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں درخواست جمع کرانے کے بعد سیکیورٹی کلیئرنس اور این او سی کے اجرا کے بغیر بی وی ایس ڈیوائسز جاری نہیں کی جا سکیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن ،6دہشت گرد ہلاک

ضابطہ کار کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ نے عوام سے بھی گزارش کی ہے کہ اگر کسی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع ہو تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو آگاہ کریں تاکہ علاقے میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔

Scroll to Top