ملک بھر میں آج یومِ عاشور مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔
نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد میں کراچی، لاہور، راولپنڈی، پشاور، کوئٹہ، سکھر، حیدرآباد سمیت ملک بھر میں ماتمی جلوس، مجالس اور تعزیتی اجتماعات منعقد کیے جا رہے ہیں۔
یومِ عاشور کے موقع پر سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ جلوسوں کے راستوں پر پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری تعینات ہے۔
جبکہ حساس علاقوں میں دفعہ 144 نافذ، اسلحے کی نمائش پر پابندی اور انٹرنیٹ و موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رکھی گئی ہے، بعض علاقوں میں ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
علمائے کرام اور ذاکرین خصوصی مجالس میں حضرت امام حسینؓ کی قربانیوں، صبر، حق اور حریت کے پیغام کو اجاگر کریں گے، جبکہ جلوسوں کے اختتام پر شامِ غریباں کی مجالس منعقد ہوں گی۔





