اسلام آباد: حکومت نے مٹی کے تیل کی قیمت میں نمایاں کمی کرتے ہوئے صارفین کو ریلیف فراہم کر دیا، جبکہ پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 6 روپے 85 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 227 روپے 5 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ اس سے قبل مٹی کا تیل 233 روپے 90 پیسے فی لیٹر فروخت کیا جا رہا تھا۔
دوسری جانب حکومت نے آئندہ پندرہ روز کے لیے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت نےپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 299 روپے 50 پیسے فی لیٹر پر برقرار رہے گی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل بھی 311 روپے 47 پیسے فی لیٹر کی موجودہ قیمت پر دستیاب ہوگا۔
حکومت کے اس فیصلے کے بعد عوام کو مٹی کے تیل کی قیمت میں کمی کا فائدہ ملے گا، جبکہ پیٹرول اور ڈیزل استعمال کرنے والے صارفین کے لیے فی الحال قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا۔





