قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی نے پاکستانی کرکٹ کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ٹیم کی کارکردگی اور مستقبل کے حوالے سے فکر مند ہیں۔
حسن علی نے انٹرویو میں کہا کہ ایمانداری سے بات کروں تو میں بہت پریشان ہوں اور یہی سوچ کئی دیگر افراد کی بھی ہے کہ ٹیم اور کھلاڑی کس طرح بہتری کی طرف جا سکتے ہیں، بہتر کارکردگی کے ذریعے ہی بڑے ٹورنامنٹس اور سیریز میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ دس سال سے انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہے ہیں لیکن اس نوعیت کی صورتحال پہلے کبھی نہیں دیکھی، ان کا کہنا تھا کہ شائقین، میڈیا، پاکستان کرکٹ بورڈ اور کھلاڑی سب ہی اس صورتحال پر تشویش کا شکار ہیں۔
فاسٹ باؤلر نے مزید کہا کہ اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کرنے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک میز پر بیٹھنے کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی کا پاکستانی ویمنز کرکٹر گل فیروزہ کے خلاف ایکشن
انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ اس حوالے سے غور و فکر جاری ہے اور کھلاڑیوں سمیت تمام متعلقہ افراد کو موجودہ حالات سے نکلنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی بنانا ہوگی۔
حسن علی نے کہا کہ کھلاڑی اور ٹیم کی حیثیت سے آگے بڑھنا ان کا مقصد ہے اور مستقبل ہمیشہ روشن ہوتا ہے، انہوں نے زور دیا کہ درست فارمیٹ کے لیے درست کھلاڑیوں کا انتخاب ضروری ہے اور کھلاڑیوں کو سپورٹ کرتے ہوئے انہیں صحیح راستہ فراہم کرنا ہوگا تاکہ نظام میں بہتری لائی جا سکے۔





