تیمرگرہ میں ٹی ایم اے کا ٹریکٹر الٹ گیا، 2 اہلکار جاں بحق، علاج میں مبینہ غفلت پر لواحقین کا احتجاج

تیمرگرہ میں ٹی ایم اے کا ٹریکٹر الٹ گیا، 2 اہلکار جاں بحق، علاج میں مبینہ غفلت پر لواحقین کا احتجاج

تیمرگرہ میں ٹی ایم اے کا ٹریکٹر الٹنے سے دو اہلکار جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا، جبکہ ہسپتال میں بروقت علاج نہ ملنے کے الزام پر لواحقین اور ٹی ایم اے ملازمین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیدیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ٹی ایم اے کا ٹریکٹر سبزی منڈی کے قریب اچانک بے قابو ہو کر الٹ گیا، جس کے نتیجے میں اہلکار صلاح الدین، وقار مسیح اور ایک اور شخص شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم صلاح الدین اور وقار مسیح دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، جبکہ تیسرے زخمی کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

واقعے کے بعد جاں بحق اہلکاروں کے لواحقین اور ٹی ایم اے کے ملازمین نے ہسپتال انتظامیہ پر بروقت اور مناسب علاج فراہم نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے لاشیں ہسپتال کے مرکزی دروازے کے سامنے سڑک پر رکھ کر دھرنا دیا، جس کے باعث ٹریفک کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی۔

احتجاج کرنے والوں نے مطالبہ کیا کہ ہسپتال انتظامیہ اور مبینہ غفلت کے مرتکب ڈاکٹروں کے خلاف فوری مقدمہ درج کرکے ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے، تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

بعد ازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر واجد علی خان موقع پر پہنچے اور مظاہرین سے مذاکرات کیے۔ انہوں نے واقعے کی شفاف تحقیقات، ذمہ داروں کے تعین اور قانونی کارروائی کی یقین دہانی کرائی، جس کے بعد لواحقین اور ٹی ایم اے اہلکاروں نے اپنا احتجاج ختم کرتے ہوئے دھرنا ختم کر دیا۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثے اور علاج میں مبینہ غفلت سے متعلق تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا اور تحقیقات کی روشنی میں ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Scroll to Top