راہ چلتی لڑکی سے نازیبا حرکت کرنے والا موٹرسائیکل سوار ملزم گرفتار

اوکاڑہ: اوکاڑہ میں راہ چلتی لڑکی کے ساتھ نازیبا حرکات کرنے والے موٹر سائیکل سوار ملزم کو پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کر لیا۔

ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے فرار ہونے کی کوشش کے دوران موٹر سائیکل سے گر کر زخمی بھی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کے بعد تھانہ صدر کی ٹیم نے مختلف مقامات پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لیا، جس کے نتیجے میں ملزم کی شناخت ندیم، سکنہ 1/4 ایل کے نام سے ہوئی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جیسے ہی اہلکار ملزم کی گرفتاری کے لیے اس کے ٹھکانے پر پہنچے، وہ موٹر سائیکل پر فرار ہونے لگا۔

تاہم تعاقب کے دوران وہ موٹر سائیکل سے گر کر زخمی ہو گیا، جس کے بعد پولیس نے اسے گرفتار کر کے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں : غیر قانونی افغان شہریوں کے خلاف کارروائی مزید سخت، حکومت نے تاریخ دے دی

پولیس نے بتایا کہ ایس آئی محمد سعید کی مدعیت میں تھانہ صدر اوکاڑہ میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے، اور ایسے ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔

Scroll to Top