لاہور: پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی (پی ایس سی اے) نے شہریوں کو جعلی ای چالان، فراڈ پر مبنی ایس ایم ایس اور جعلی ویب سائٹس سے ہوشیار رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ سائبر جرائم میں ملوث عناصر مختلف حربوں کے ذریعے شہریوں کی ذاتی معلومات اور مالی تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پی ایس سی اے کی جانب سے جاری عوامی آگاہی مہم کے مطابق شہری کسی بھی مشکوک لنک پر ہرگز کلک نہ کریں اور نہ ہی اپنا ون ٹائم پاس ورڈ (او ٹی پی)، بینکنگ معلومات یا دیگر ذاتی کوائف کسی کے ساتھ شیئر کریں۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ اصل ای چالان صرف مختصر کوڈ 9915 سے ہی ارسال کیے جاتے ہیں، جبکہ کسی بھی غیر مستند یا نامعلوم ویب سائٹ کے ذریعے ادائیگی سے گریز کیا جائے۔
پی ایس سی اے کے مطابق ای چالان کی تصدیق اور ادائیگی صرف سرکاری ذرائع، بشمول ای پے پنجاب ایپ اور متعلقہ سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے ہی کی جانی چاہیے تاکہ کسی بھی قسم کے سائبر فراڈ سے بچا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : سوات اور مالاکنڈ پر ٹیکس کا معاملہ، سابق وزیراعلیٰ محمود خان کا سخت ردعمل
اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اگر کسی مشکوک پیغام، جعلی لنک یا سائبر فراڈ کا سامنا ہو تو فوری طور پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ، پولیس ہیلپ لائن 15 یا متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔
پی ایس سی اے نے شہریوں کو یاد دہانی کرائی ہے کہ احتیاط ہی سائبر فراڈ سے بچاؤ کا مؤثر ذریعہ ہے، لہٰذا کسی بھی غیر مصدقہ پیغام یا ویب سائٹ پر اعتماد کرنے سے پہلے اس کی تصدیق ضرور کریں۔





