پشاور ہائی کورٹ بار کے سابق جنرل سیکرٹری عمران خان مٹا مسلم لیگ (ن) میں شامل

پشاور: پشاور ہائی کورٹ بار کے سابق جنرل سیکرٹری اور معروف قانون دان ایڈووکیٹ عمران خان مٹا نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایڈووکیٹ عمران خان مٹا نے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جہاں انہوں نے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر پشاور ہائی کورٹ بار کے جنرل سیکرٹری اشفاق احمد دادوزئی، مسلم لائرز فورم کے صدر ہدایت اللہ خان، جنرل سیکرٹری اکبر یوسف خان اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران ایڈووکیٹ عمران خان مٹا نے اپنے خاندان اور ہزاروں ساتھیوں سمیت باضابطہ طور پر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی۔ انجینئر امیر مقام نے انہیں پارٹی میں خوش آمدید کہا اور مبارکباد دیتے ہوئے پارٹی کیپ بھی پہنائی۔

یہ بھی پڑھیں : آپ کے موبائل پر آنے والا ہر ای چالان اصلی نہیں، اہم وارننگ جاری

انجینئر امیر مقام نے اس موقع پر وکلا برادری کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے فروغ میں وکلا کا کردار ہمیشہ اہم رہا ہے۔

دوسری جانب ایڈووکیٹ عمران خان مٹا نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی قائد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور انجینئر امیر مقام کی قیادت میں پارٹی کے منشور اور عوامی خدمت کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

Scroll to Top