آزاد کشمیر انتخابات سے قبل ن لیگ کو بڑا دھچکا، اہم رہنما نے پارٹی چھوڑ دی

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) میں ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔ پارٹی کے سینئر رہنما بریگیڈیئر (ر) پروفیسر ڈاکٹر محمد خان نے انتخابی ٹکٹ نہ ملنے پر مسلم لیگ (ن) چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔

ڈاکٹر محمد خان نے مسلم لیگ (ن) کی بنیادی رکنیت سے فوری طور پر استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے اپنا تحریری استعفیٰ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر کو ارسال کر دیا۔

اپنے استعفے میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ پارٹی قیادت نے انتخابی ٹکٹوں کی تقسیم میں میرٹ کو نظر انداز کیا، جس کے باعث حلقے کے ہزاروں کارکن شدید مایوسی کا شکار ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 15 باغ میں عوام اور پارٹی کارکنوں کی بھرپور حمایت کے باوجود انہیں پارٹی ٹکٹ سے محروم رکھا گیا۔

بریگیڈیئر (ر) پروفیسر ڈاکٹر محمد خان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کا نعرہ لگاتی رہی، مگر ٹکٹوں کی تقسیم کے دوران نہ کارکنوں کی رائے کو اہمیت دی گئی اور نہ ہی عوامی حمایت کو مدنظر رکھا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : آبی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں، پانی پاکستان کی بقا کا معاملہ ہے، حکومت

انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی قیادت کے اس فیصلے سے کارکنوں کے اعتماد کو شدید دھچکا پہنچا ہے، جبکہ شفافیت، میرٹ اور جمہوری اصولوں کو بھی نظر انداز کیا گیا۔

ڈاکٹر محمد خان کے مطابق مسلسل ناانصافی اور میرٹ کی پامالی کے باعث انہیں پارٹی چھوڑنے کا مشکل فیصلہ کرنا پڑا، تاہم انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ بریگیڈیئر (ر) پروفیسر ڈاکٹر محمد خان کے ساتھ مسلم لیگ (ن) باغ کے درجنوں مرکزی عہدیدار اور رہنما بھی جلد نئی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کر سکتے ہیں، جس کے باعث حلقہ ایل اے 15 باغ کی انتخابی صورتحال مزید دلچسپ ہونے کا امکان ہے۔

Scroll to Top