خیبرپختونخوا میں صنعتی زمین کے غلط استعمال اور غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے صوبائی حکومت نے ایک بڑے کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔
محکمہ صنعت، تجارت و فنی تعلیم کی جانب سے خیبرپختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (KPEZDMC) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو سخت احکامات جاری کیے گئے ہیں جن کے تحت منظور شدہ کاروبار کے برعکس سرگرمیوں میں ملوث تمام یونٹس کو فوری طور پر بند کرنے، ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے اور بغیر اجازت نصب کیے گئے سائن بورڈز ہٹانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صنعت، تجارت و فنی تعلیم خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ ہدایات کے مطابق صوبے کے اکنامک زونز میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں کا سخت نوٹس لیا گیا ہے۔
محکمے نے کے پی ای زیڈ ڈی ایم سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو حکم دیا ہے کہ ایسے تمام صنعتی یونٹس کو فوری طور پر بند کر دیا جائے جو اپنے منظور شدہ کاروبار کے علاوہ دیگر سرگرمیوں میں ملوث پائے جائیں۔
ہدایات میں واضح کیا گیا ہے کہ صنعتی مقاصد کے لیے مختص کیے گئے پلاٹوں پر جاری غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں کو بلاتاخیر روکا جائے اور اس عمل میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ صنعتی زمین کے اصل مقصد کو محفوظ بنایا جا سکے۔
اس کے علاوہ محکمہ صنعت نے اکنامک زونز میں بغیر این او سی (NOC) یا پیشگی اجازت کے لگائے گئے تمام سائن بورڈز کو بھی فوری طور پر ہٹانے کا حکم دیا ہے۔
حکام کو مزید ہدایت کی گئی ہے کہ صوبے کے تمام اکنامک زونز میں یکسانیت برقرار رکھنے اور ان کی مجموعی ظاہری شکل و صورت کو بہتر بنانے کے لیے سائن بورڈز کے سائز، رنگ اور ڈیزائن کے حوالے سے ایک یکساں پالیسی متعارف کرائی جائے۔
حکام کے مطابق ان اقدامات کا بنیادی مقصد صنعتی زمین کے ناجائز استعمال کو روکنا، کمرشل سرگرمیوں کو باقاعدہ ضابطے میں لانا اور صوبے کے تمام اکنامک زونز میں مکمل نظم و ضبط قائم رکھنا ہے۔
صنعتی اور عوامی حلقوں نے اکنامک زونز میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا سعودی وزیر خارجہ سے رابطہ، عالمی فورمز پر تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق !
حقیقی صنعت کاروں اور شہریوں کا کہنا ہے کہ صنعتی مقاصد کے لیے مختص پلاٹوں پر غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں سے نہ صرف صنعتی ترقی کا عمل متاثر ہوتا ہے بلکہ قواعد پر عمل کرنے والے کاروباری افراد کی بھی حق تلفی ہوتی ہے۔
مبصرین کے مطابق اگر اس پالیسی پر بلاتفریق اور مستقل مزاجی سے عمل درآمد کیا گیا تو صوبے میں سرمایہ کاری کا ماحول بہتر ہوگا اور اکنامک زونز اپنے اصل مقاصد کے مطابق ترقی کر سکیں گے۔





