کل سے گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کا آغاز، کئی علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ، محکمۂ موسمیات کا الرٹ جاری کردیا۔
محکمۂ موسمیات نے ملک بھر میں مون سون 2026 کی پہلی منظم بارشوں کے سلسلے کے آغاز سے متعلق الرٹ جاری کرتے ہوئے پیش گوئی کی ہے کہ یکم جولائی سے 6 جولائی تک ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق بعض علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث شہری سیلاب، پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق پنجاب میں یکم سے 6 جولائی کے دوران سیالکوٹ، نارووال، گجرات، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، وزیرآباد، حافظ آباد، لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، سرگودھا، خوشاب، جہلم، چکوال، اٹک، اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کی توقع ہے۔ جبکہ 3 سے 5 جولائی کے دوران بہاولپور، بہاولنگر، لودھراں، ملتان، خانیوال، مظفرگڑھ، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، لیہ، بھکر، میانوالی، جھنگ، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، پاکپتن، اوکاڑہ، قصور اور ننکانہ صاحب میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ شمال مشرقی پنجاب اور خطۂ پوٹھوہار میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا میں یکم سے 5 جولائی کے دوران ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، دیر، سوات، چترال، مانسہرہ، کوہستان، ملاکنڈ، نوشہرہ، چارسدہ، بونیر، صوابی، بٹگرام، کرم، باجوڑ، خیبر، اورکزئی، ہنگو، بنوں، کرک، ٹانک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان سمیت متعدد اضلاع میں بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں کہیں کہیں شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔
بلوچستان میں یکم سے 4 جولائی کے دوران بارکھان، شیرانی، ژوب، سبی، کوہلو، نصیر آباد، ہرنائی اور ڈیرہ بگٹی میں بارش کی توقع ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق بیشتر علاقوں میں ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش ہوگی، تاہم شمال مشرقی اضلاع میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان موجود ہے۔
سندھ میں 3 اور 4 جولائی کے دوران لاڑکانہ، جیکب آباد، سکھر، دادو، کشمور، شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، شکارپور، قمبر شہدادکوٹ، خیرپور اور نوشہروفیروز میں بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔
گلگت بلتستان میں یکم سے 5 جولائی کے دوران استور، اسکردو، گلگت، ہنزہ، دیامر، غذر، گانچھے اور شگر میں بارش متوقع ہے۔ محکمۂ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں شدید بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی سطح پر سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
آزاد جموں و کشمیر میں یکم سے 6 جولائی تک مظفرآباد، وادی نیلم، میرپور، راولاکوٹ، حویلی، سدھنوتی، پونچھ، ہٹیاں، باغ، کوٹلی اور بھمبر میں وسیع پیمانے پر بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بالائی علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں اچانک طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں میں احتیاط برتیں، برساتی ندی نالوں کے قریب جانے سے اجتناب کریں اور موسمی صورتحال سے متعلق تازہ ترین اطلاعات پر مسلسل نظر رکھیں۔





