جنوبی وزیرستان لوئر کے علاقے تنائی میں ایک کم عمر لڑکے کی ہلاکت کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جس نے علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر ایک کم عمر لڑکے کو اس کے سگے بھائی نے کنویں میں دھکا دے دیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔ لڑکے کی شناخت زبیر کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعے کے فوراً بعد مقامی افراد نے لڑکے کو کنویں سے نکال کر طبی امداد دینے کی کوشش کی، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث مبینہ ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔
دوسری جانب اس افسوسناک واقعے پر اہل علاقہ نے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی، تاہم مختلف زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں۔





