اے این پی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے وفاقی وزیرِ پیٹرولیم سے ملاقات کی، جس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، خیبر پختونخوا میں گیس بحران، توانائی پالیسی اور عوام کو درپیش دیگر اہم مسائل پرتبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ایمل ولی خان نے مطالبہ کیا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کے ثمرات فوری اور براہِ راست عوام تک منتقل کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ پالیسیوں کے باعث عوام کو ریلیف ملنے کے بجائے مسلسل مہنگائی اور اضافی مالی بوجھ کا سامنا ہے، جبکہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود مقامی مارکیٹ میں عوام کو اس کا فائدہ نہ دینا ناانصافی کے مترادف ہے۔
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے اور پٹرولیم لیوی سمیت دیگر بالواسطہ ٹیکسوں میں بھی کمی لائی جائے تاکہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ ایمل ولی خان نے کہا کہ موجودہ ٹیکس نظام مہنگائی میں مزید اضافے کا سبب بن رہا ہے، جبکہ ایندھن کی قیمتوں میں معمولی اضافہ بھی سب سے زیادہ غریب اور متوسط طبقے کو متاثر کرتا ہے۔
خیبر پختونخوا میں گیس بحران پر گفتگو کرتے ہوئے اے این پی کے مرکزی صدر نے کہا کہ گرمیوں کے موسم میں بھی گھریلو صارفین شدید گیس قلت، کم پریشر اور طویل لوڈشیڈنگ کا سامنا کر رہے ہیں، جو انتہائی تشویشناک اور ناقابلِ قبول صورتحال ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا ملک میں گیس پیدا کرنے والا اہم صوبہ ہے، مگر افسوس کے ساتھ اسی صوبے کے عوام بنیادی سہولت سے محروم ہیں، حتیٰ کہ بعض ایسے اضلاع بھی گیس سے محروم ہیں جہاں سے گیس پیدا کی جاتی ہے۔
ایمل ولی خان نے کہا کہ آئین کے مطابق قدرتی وسائل پر سب سے پہلا حق مقامی آبادی اور متعلقہ صوبے کا ہوتا ہے، تاہم موجودہ صورتحال اس اصول کے برعکس ہے، جس سے احساسِ محرومی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے شفاف اور مؤثر نظام متعارف کرایا جائے، جبکہ خیبر پختونخوا میں گیس لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کے خاتمے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ توانائی پالیسی کو صرف ریونیو بڑھانے کے بجائے عوامی ریلیف اور قومی ضروریات کے مطابق ترتیب دیا جانا چاہیے تاکہ مہنگائی سے متاثرہ عوام کو حقیقی سہولت فراہم کی جا سکے۔
اس موقع پر وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ایمل ولی خان کی جانب سے اٹھائے گئے تمام نکات کو غور سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، گیس بحران اور دیگر متعلقہ معاملات کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا اور عوامی مفاد میں مناسب اقدامات پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔





