ایل پی جی صارفین کیلئے بڑی خوشخبری، قیمت میں نمایاں کمی کا امکان

ایل پی جی صارفین کیلئے بڑی خوشخبری، قیمت میں نمایاں کمی کا امکان

ملک بھر میں ایل پی جی استعمال کرنیوالے صارفین کیلئے اچھی خبر سامنے آئی ہے، جہاں آئندہ دنوں میں ایل پی جی کی قیمت میں نمایاں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اوگرا ذرائع کے مطابق ایل پی جی کی سرکاری قیمت میں فی کلو گرام 50 روپے تک کمی کی جا سکتی ہے، جس کے بعد موجودہ سرکاری قیمت 309 روپے فی کلو گرام سے کم ہو کر تقریباً 259 روپے فی کلو گرام ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں ایل پی جی کی وافر دستیابی اور سپلائی میں بہتری کے باعث قیمتوں میں کمی کی تجویز زیر غور ہے۔ اگر اس پر عمل درآمد ہوتا ہے تو گھریلو صارفین، ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور کمرشل شعبے سمیت لاکھوں صارفین کو براہِ راست ریلیف ملے گا۔

تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ اوگرا کی جانب سے مقرر کردہ سرکاری نرخوں پر لاہور سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں ایل پی جی دستیاب نہیں ہوتی، جبکہ کئی علاقوں میں صارفین سرکاری قیمت سے کہیں زیادہ نرخ ادا کرنے پر مجبور ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں ممکنہ کمی کا حقیقی فائدہ اسی وقت عوام تک پہنچ سکتا ہے جب متعلقہ ادارے سرکاری نرخوں پر ایل پی جی کی فروخت کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر نگرانی کریں اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں۔

صارفین کی نظریں اب اوگرا کے آئندہ قیمتوں کے اعلان پر مرکوز ہیں، کیونکہ سرکاری سطح پر قیمت میں کمی کی منظوری ملنے کی صورت میں گھریلو بجٹ پر پڑنے والے اضافی بوجھ میں کسی حد تک کمی آ سکتی ہے۔

Scroll to Top